قاہرہ 6مارچ(ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا ) سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے سوموار کو مصر کے دورے کے دوسرے روز قاہرہ میں جامعہ الازہر کا دورہ کیا ہے اور شیخ الجامعہ ڈاکٹر احمد الطیب سے ملاقات کی ہے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ جامعہ الازہر اسلام کے دفاع اور عرب دنیا کو درپیش خطرات سے نمٹنے کے لیے اہم کردار ادا کررہی ہے۔ڈاکٹر احمد الطیب نے سعودی ولی عہد کا تاریخی دانش گاہ میں آمد پر خیر مقدم کرتے ہوئے الازہر اور مصری عوام کی جانب سے سعودی حکومت اور عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی عرب کی جانب سے الازہر الشریف اور اس کے ممتاز علماء کے اسلام کے تحفظ ودفاع کے لیے کردار کو سراہا اور کہا کہ انھیں ذاتی طور پر اس بات پر فخر ہے کہ الازہر اور اس کے شیخ الجامعہ عرب دنیا میں اسلامی نظریے کے تحفظ کیلیے اہم کردار ادا کررہے ہیں۔انھوں نے سعودی عرب کی جانب سے مصر کے اس قدیم جامعہ کی خدمات ،پْرامن بقائے باہمی ، امن اور تعلیمی خدمات کی تعریف کی۔